کراچی: لیجنڈ اداکار عمر شریف کیلئے فوری طور پر ائیر ایمبولینس کا بندوبست کر دیا گیا ہے، انھیں علاج کیلئے ایئر ایمبیولینس کے ذریعے امریکہ لے جانا پڑے گا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے لیجنڈ اداکار کو ایئر ایمبیولینس کے ذریعے امریکا لے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عمر شریف کے امریکی ویزے کے حصول کیلئے ان کی مدد کر رہی ہے۔
دوسری جانب عمر شریف کی اہلیہ زرین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے ایئر ایمبیولینس کے انتظام کر دیا ہے، ان کے شوہر کو اس کے ذریعے واشنگٹن لے جایا جائے گا۔
عمر شریف کے صاحبزادے بیٹے جواد نے کہا ہے کہ وہ پوری قوم کے شکر گزار ہیں جو ان کے والد کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن بھی میرے والد عمر شریف کی صحت بارے بہت فکرمند ہیں، میں علاج معالجے میں مدد پر ان کا بہت شکر گزار ہوں۔
خیال رہے اداکار عمر شریف کا شمار برصغیر کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ناصرف اپنی کامیڈی سے پاکستان بلکہ بھارت کے کئی ممتاز اداکاروں کو متاثر کیا۔ ان کے نقش قدم پر چل کر اور انھیں کاپی کرکے کئی لوگ بہترین کامیڈین بنے۔ جس کا وہ برملا اعتراف کرتے ہیں۔
عمر شریف کچھ عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، پاکستان میں ان کا ہر ممکنہ علاج کیا جا رہا ہے لیکن ڈاکٹرز نے انھیں مشورہ دیا ہے کہ وہ ہو سکے تو اپنے علاج کیلئے امریکا چلے جائیں۔
اسی سلسلے میں عمر شریف نے خود وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ مجھے فوری طور پر علاج کیلئے امریکا بھیجا جائے۔
لیجنڈ اداکار عمر شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ نے جب بھی مجھے آواز دی میں نے لبیک کہا اور شوکت خانم کی تعمیر میں جہاں تک ممکن ہو سکا آپ کی مدد کی، آج مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے، امید ہے کہ آپ مجھے مایوس نہیں کرینگے۔
تبصرے بند ہیں.