گوجرانوالہ: بہتر مستقبل کے خواب سجائے تین افراد موت کی وادی میں اتر گئے ۔وزیرآباد کے نواحی موضع چک گلاں کے چار نوجوان
تفتان اورنوکنڈی کے درمیان صحرا میں بھوک اور پیاس سے دم توڑ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر آباد کے نواحی موضع چک گلّاں کے ایران جانے والے 3 نوجوانوں کو ایجنٹ نے اضافی رقم نہ ملنے پر تفتان اور نوکنڈی کے درمیان صحرا میں بے یارو مدد گار چھوڑ دیا، بھوک اور پیاس سے تین افراد دم توڑ گئے۔ طویل بے ہوشی کے بعد ایک نوجوان بچ گیا جس نے لواحقین کو ساری حقیقت سے آگاہ کیا۔
رانا سجاد، اس کا چچا زاد بھائی خلیل الرحمان، بھانجا حافظ بلال اور سجاد کا برادر نسبتی رانا فیاض ایک گروپ کے ہمراہ 6 اگست کو ایران کے لیے روانہ ہو ئے تھے۔ تفتان کے ایک ایجنٹ سے ان کو ایران بھجوانے کا دس ہزار روپے فی کس معاہدہ ہوا۔
چاغئی کے علاقہ تفتان اور نوکنڈی کے درمیان صحرائی علاقہ میں سعید بلوچ نامی ایجنٹ نے 35 ہزار روپے فی کس دینے کا مطالبہ کیا جو پورا نہ ہو سکا۔ ایجنٹ انھیں صحرا میں چھوڑ کر غائب ہو گیا۔
تمام افراد دو دن تک بھوکے پیاسے بھٹکتے رہے۔ اس دوران ان کا ایک ساتھی دم توڑ گیا جس کی نعش اٹھا کر وہ بھٹکتے رہے، گروپ کے تمام ارکان بھوک، پیاس اور تھکاوٹ سے بے ہوش ہو گئے اور صحرا میں پڑے رہے۔
تبصرے بند ہیں.