افغانستان سے ملازمین کے انخلا میں مدد، آئی ایم ایف کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ

182

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹیلینا جارجیوا نے مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں افغانستان سے اپنے سٹاف اور ان کے اہلخانہ کے انخلا کے حوالے سے مثبت کردار پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے افغانستان سے انخلا کے حوالے سے پاکستان کے کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی مشکل گھڑی میں افغانستان سے آئی ایم ایف سٹاف اور ان کے خاندانوں کے بحفاظت انخلا پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔

منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹیلینا جارجیوا نے وزیرِ اعظم کے نام خط میں وزیرِ خارجہ، وزیر خزانہ، وزیر دفاع اور گورنر سٹیٹ بنک کے کردار کو بھی سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں انخلا کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سطح پر کی جانے والی کوششیں کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین پارٹنرشپ پر شکر گزار ہیں اور اس تعاون کے تسلسل کے متمنی ہیں۔ کرسٹیلینا جارجیوا نے وزیرِ اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

تبصرے بند ہیں.