گریٹر اقبال پارک کیس، زیر حراست 71 سالہ بزرگ کو رہا کر دیا گیا

203

لاہور: لاہور گریٹر اقبال پارک کیس میں زیر حراست 71سالہ بزرگ کو رہا کر دیا گیا ہے۔ سی آئی اے پولیس نے وزیر خان نامی اس شہری کو حراست میں لیا تھا۔ ملزم کے عزیز واقارب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ 14 اگست کو مینار پاکستان میں عائشہ نامی ٹک ٹاکر کیساتھ بدسلوکی کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا تھا۔ متاثرہ خاتون اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ویڈیو بنانے وہاں پہنچی تھی۔ اسے ہجوم نے گھیرے میں لے کر انتہائی بہیمانہ سلوک کا نشانہ بنایا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس میں ملوث ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزائیں دینے کا حکم دیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد پولیس حکام کی شدید سرزنش کرتے ہوئے اعلیٰ افسروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔

اب تک اس واقعے میں ملوث درجنوں افراد کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور نادرا کی ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ کر لیا ہے۔

صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اس انسانیت سوز واقعے میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، انھیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.