اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست میں آئندہ دنوں بڑا فرق آنے والا ہے، اپوزیشن اور حکومت مل کر نئی راہ چلیں گے۔ اپوزیشن سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، انتخابی اصلاحات پر مل کر بیٹھنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں۔ کشمیریوں سے کہتا ہوں بلے کو ووٹ دیں۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی عمران خان کا ووٹ ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے 70 لاکھ سے ایک کروڑ تک ووٹ ہوں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جب کہتا تھا کہ ”ن” سے ”ش” نکلے گی تو میرا مذاق اڑایا جاتا تھا لیکن آج شہباز شریف اور مریم نواز بہت دور جا چکے ہیں، ایک شمال دوسرا جنوب ہے۔ دونوں کی سیاست میں بہت فرق آ چکا ہے۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور یورپ سمیت تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ اٖفغانستان میں خانہ جنگی کی صورتحال نہیں ہو گی۔ کسی ملک کو پاکستان کے خلاف سرزمین استعمال نہیں کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 20 سال سے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے۔ افغان سرحد کی 86 فیصد فینسنگ مکمل ہو چکی ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔
تبصرے بند ہیں.