ہر محاذ پر بھارت کے کشمیر پر غیر قانونی قبضے کو بے نقاب کرنا ہوگا، شہریار آفریدی

173

اسلام آباد: پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پوری قوم بالخصوص نوجوانوں کو سفارتی، سیاسی، تدریسی، سوشل میڈیا اکٹو ازم اور ثقافتی محاذوں پر بھارتی غیر قانونی قبضے کو بے نقاب کرنے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ کشمیر کمیٹی قوم کی آواز ہے جو تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لاتی ہے، عالمی سطح پر وزیراعظم عمران خان نے کشمیرکے سفیر کی حیثیت سے ہر محاذ پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کشمیر ہائوس اسلام آباد میں سنٹر فار لا اینڈ سکیورٹی کے زیر اہتمام ”بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر مقامی افراد کی غیر قانونی آباد کاری اور بین الاقوامی قانون“ کے عنوان سے رپورٹ کے اجرا اورپینل ڈسکشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر آزاد جموں وکشمیرسردار مسعود احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے ماہر احمر بلال صوفی، سابق سیکرٹری خارجہ ریاض احمد کھوکھر، ایس ڈی پی آئی کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عابد قیوم سلہری و دیگر نے بھی مباحثے میں حصہ لیا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ سنٹر فار لا اینڈ سکیورٹی کی رپورٹ ایک قابل ستائش اقدام ہے، بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے بھارت غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر کشمیر یوں کی سفارتکاری کی ہمیں ہر محاذ پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہے اور بھارتی چہرے کو بے نقاب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کا اجرا احسن قدم ہے، مودی کے پانچ اگست کے اقدامات کو حکومت پاکستان اور کشمیری عوام نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے کشمیر بارے پاکستان و کشمیریوں کا بیانیہ دنیا بھر میں اجاگر کیا ہے، کشمیر کمیٹی نے کشمیر بارے آئندہ کے لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے ایڈوائزری بورڈز تشکیل دیئے ہیں، عالمی سطح پر اور دنیا بھر کی درسگاہوں میں مسئلہ کشمیر کو متعارف کرانے کیلئے اکیڈیمیا کو انگیج کیا گیا ہے جب دنیا کی جامعات میں خود کشمیری جاکر اپنا مقدمہ پیش کریں گے تو دنیا ان کی بات سنے گی۔

شہریارآفریدی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کلچرل فرنٹ کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کلچرل فرنٹ کے ذریعے کشمیر کی ثقافت، ان کے نوجوانوں کی صلاحیت کو اجاگر کریں گے اور بھارتی غیر قانونی اقدامات اور تسلط کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں گے۔

انہو نے کہا کہ ڈیجیٹل محاذ پر نوجوان کشمیریوں کی موثر وکالت کر سکتے ہیں اور ہم اس محاذ کو بھی متحرک کرین گے جس کے ذریعے ویب سائٹس پر کشمیر پر اپنا بیانیہ اجاگر کریں گے۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل فرنٹ کے ذریعے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا جائے گا۔قانونی محاذ پر بھی دنیا بھر میں اور عالمی عدالت انصاف میں کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے، سنٹر فار لا اینڈ سکیورٹی جیسے ادارے اس ضمن میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کلچرل ایڈوائزری بورڈ کلچر فلم ڈرامہ پر کام کر ےگی۔کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے ہم نے دنیا میں ہومین رائٹس ایکٹیوازم بروئے کار لانا ہے ، مودی کچھ بھی کر لے لیکن پاکستان کا موقف ایک ہی ہے کہ ہم کشمیر کے مسئلے پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں، کشمیر کے مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.