پی سی بی، یونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرلیں: وسیم خان

123

لاہور: پی سی بی اور یونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرلیں ۔ یونس خان کو گزشتہ سال نومبر میں 2 سال کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا ۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ یونس خان جیسی قدآور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ مختصر دورانیہ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ۔ امید ہے کہ یونس خان اپنے تجربے اور قابلیت کے تبادلے کے لیے مستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔
وسیم خان نے کہا کہ اب دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی جبکہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ 25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے ۔

تبصرے بند ہیں.