افغانستان میں مغوی امریکی انجینئر کی بازیابی، امریکا نے پاکستان سے مدد طلب کرلی

156

واشنگٹن: امریکا نے افغانستان میں اغوا ہونے والے اپنے انجینئر کی بازیابی کیلئے پاکستان سے مدد طلب کر لی ہے۔ اس بات کی تصدیق پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں قائم پاکستانی سفارتخانے کی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان امریکی انجینئر مارک فریکس کو بازیاب کرانے کیلئے تعاون کرے گا جو مبینہ طور پر اس وقت طالبان کی قید میں موجود ہے۔

ترجمان ملیحہ شاہد کا امریکی میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان یہ کام ہمیشہ کی طرح دونوں ملکوں کے درمیان خیر سگالی کے طور پر کرے گا۔ اس سے کوئی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی جائے گی، پاکستان یہ کام بے لوث ہو کر کرے گا جیسے وہ ماضی میں کرتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اٹھاون سالہ امریکا کے سول انجینئر مارک فریکس کو گزشتہ سال جنوری 2020ء میں افغانستان کے دارالحکومت کابل سے اغوا کیا گیا تھا، جن کا ابھی تک پتا نہیں چل سکا ہے کہ وہ کس کی تحویل میں ہے، تاہم امریکا کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جاتا رہا ہے کہ وہ اس وقت طالبان کی قید میں موجود ہیں۔

ملیحہ شاہد کا کہنا تھا کہ اس بات کے کوئی ٹھوس موجود نہیں ہیں کہ مارک فریکس کو پاکستانی سرزمین پر رکھا گیا ہے۔ ہم اس کیلئے پرعزم ہیں کہ ان کی بازیابی کو یقینی بنا کر ان کے خاندان کو یکجا کر دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناصرف پاکستان ہمیشہ سے امریکا کیساتھ ہر قسم کا تعاون کرتا رہا ہے بلکہ دیگر ملکوں کے مغویوں کی بازیابی کیلئے بھی انسانی بنیادوں پر مدد احساس ذمہ داری سمجھتے ہوئے کی جاتی رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.