وزیراعظم عمران خان کا جہانگیر ترین سے ملاقات سے انکار

153

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے جہانگیر ترین سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا ،وزیر اعظم عمران خان کو جہانگیر ترین گروپ نے خط لکھا تھا جس میں وزیر اعظم سے ملاقات کی استدعا کی گئی تھی ۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین گروپ نے بالآخر وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا ہے ،جہانگیر ترین گروپ نے خط کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے وقت مانگا ہے ،ذرائع وزیر اعظم ہائوس کے مطابق عمران خان نے ملاقات کی استدعا مسترد کر دی ہے ،وزیراعظم نے ملاقات کی بجائے تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا کہہ دیا۔

ذرائع وزیر اعظم ہائوس کے مطابق جہانگیر ترین گروپ اپنا معاملہ تین رکنی کمیٹی کے سامنے پیش کریں جس کے بعد معاملہ پر غور کیا جائے گا ۔

واضح رہے دوسری طرف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کو کل بروز منگل طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ایف آئی اے لاہور کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں جہانگیر ترین اور علی ترین سے 8 سوالوں کے فوری جواب مانگے گئے ہیں۔ جہانگیر ترین کو 13 اپریل کو جواب لے کر حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم یہ بھی کہا گیا ہے کہ جہانگیر خان ترین کمپنی سیکٹری کے ذریعے بھی جواب جمع کروا سکتے ہیں۔

ایف آئی اے کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگست 2020 سے ان سوالات کے جواب مانگ رہے ہیں اور جہانگیر خان ترین نے جمعہ کے دن سوالات کے جوابات دینے کا وعدہ کیاہے ۔

ایف آئی اے کی طرف سے بھیجے گئے سوالات میں کہا گیا ہے کہ جے کے فارمز کی تمام مشینری کی اصل رسیدیں جمع کروائیں، جے کے فارمز کے 35 ہزار ایکڑ کے رقبے کے ثبوت جمع کروائیں۔ مسلم کمرشل بینک کی رپورٹ جمع کروائیں جبکہ مشینری اور 35 ہزار ایکڑ رقبے کی تخمینہ رپورٹ جمع کروائیں، برطانیہ میں خریدی گئی جائیدادوں کی منی ٹریل دیں۔

تبصرے بند ہیں.