اسلام آباد: ملک بھر میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 17.21 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ چینی کی اوسط فی کلو قیمت کی ایک بار پھر سنچری مکمل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتہ میں 15 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ چینی اوسط ایک روپے 90 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہو گئی اور چینی کی اوسط فی کلو قیمت 100 روپے 92 پیسے ہو گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق مٹن کی اوسط فی کلو قیمت 10 روپے 53 پیسے بڑھی۔ بیف کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 44 پیسے اضافہ ہوا۔ حالیہ ہفتے گھی فی کلو 83 پیسے مہنگا ہوا۔ دودھ 12 پیسے اور دہی 23 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک روپے 9 پیسے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق کیلا 2 روپے 14 پیسے، انڈے 5 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ حالیہ ہفتے 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی،24 میں استحکام رہا۔ مرغی 21 روپے 92 پیسے فی کلو سستی ہوئی، ٹماٹر 2 روپے 68 پیسے فی کلو سستے ہوئے، پیاز 68 پیسے۔ آلو 29 پیسے فی کلو سستے ہوئے، دال چنا، دال مسور، دال ماش، ایل پی جی کی قیمتیں کم ہوئیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق رواں سال مارچ میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں صفراعشاریہ چھتیس فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
گزشتہ ماہ مہنگائی نو فیصد سے بڑھی جبکہ فروری 2021ء میں مہنگائی کی شرح آٹھ اعشاریہ سات فیصد دیکھی گئی تھی، اسی طرح ماہ جولائی سے مارچ تک مہنگائی کی اوسط شرح آٹھ اعشاریہ چونتیس فیصد رہی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حماد اظہر کی جانب سے ملک بھر میں مہنگائی میں کمی کیلئے وزارت خزانہ کے اقدامات میں خصوصی دلچسپی کے باعث ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی من قیمت جو پہلے 5000 روپے تھی کم ہو کر 4900 روپے ہو گئی ہے جبکہ بناسپتی گھی کے 16 کلوگرام کنستر کی قیمت میں 50 روپے کمی واقع ہوئی ہے۔
بشکریہ(نیو نیوز)
تبصرے بند ہیں.