چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی سرکاری اداروں کو سیاسی سرگرمیوں سے گریز کی ہدایت

48

 

پشاور: چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے پولیس سمیت تمام سرکاری اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مکمل غیرجانبدار رہیں اور کسی بھی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہ لیں۔

سرکاری ملازمین کو جاری کی جانے والی ہدایات میں چیف سیکریٹری نے کہا کہ سرکاری ملازمین کا بنیادی فرض ہے کہ وہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض ادا کریں اور سیاست سے الگ رہ کر قانون کے مطابق کام کریں۔ انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کو سیاست سے دور رہ کر اپنے کام میں غیرجانبداری کو یقینی بنانا چاہیے۔

چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ عوامی مفادات کے محافظ ہونے کے ناطے، سرکاری ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی سیاسی دباؤ کے تحت اپنے اختیارات کا غلط استعمال نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کی طاقت آئین اور قانون میں ہے، نہ کہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما میں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کسی سرکاری ملازم نے اپنے اختیارات یا عہدے کا غلط استعمال کیا تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ چیف سیکریٹری نے واضح کیا کہ سیاسی قیادت کے احکامات پر عمل صرف اور صرف آئین اور قانون کے دائرے میں کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سرکاری ملازمین کو تاکید کی کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر اپنے فرائض ادا کریں تاکہ عوام کا اعتماد قائم رہے اور ملازمین کا امیج خراب نہ ہو۔

تبصرے بند ہیں.