وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری دے دی

46

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ ان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

 

اجلاس میں سکولوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے نئے فنڈز قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، اور سرکاری سکولوں میں مطالعے کی عادت کو بڑھانے کے لیے موبائل بس لائبریری پراجیکٹ شروع کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔

 

جنوبی پنجاب کے تین اضلاع میں چلنے والے سکول میل پروگرام پر بھی رپورٹ پیش کی گئی، جس کے تحت 3 ہزار 527 سکولوں میں 1 کروڑ 32 لاکھ دودھ کے پیک تقسیم کیے گئے، اور اس پروگرام کی وجہ سے 38 ہزار نئے طلبہ کا داخلہ ہوا۔ بچوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے ان کے کیلشیم ٹیسٹ بھی لیے جا رہے ہیں۔

 

مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے تحت سکولوں میں انرولمنٹ میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے اور پی ایس آر پی فیز ون کے تحت 5 ہزار 675 سکولوں میں 1 لاکھ 21 ہزار سے زائد نئے طلبہ نے داخلہ لیا۔ اس پروگرام کی بدولت اساتذہ کی حاضری میں 164 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

 

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں کا معیار پرائیویٹ سکولوں سے بہتر بنایا جائے گا اور طلبہ کی تعلیمی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے جدید لیبز بھی قائم کی جائیں گی۔

تبصرے بند ہیں.