انجینئر محمد وسیم یونس کو منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی کا چارج سونپ دیا گیا

92

 

لاہور: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے 281ویں اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (ایس او) انجینئر محمد وسیم یونس کو منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ وہ ایم ڈی کے عہدے پر اپنی باقاعدہ تقرری تک یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

انجینئر محمد وسیم یونس نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی اور توانائی کے شعبے میں 34 سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاور سسٹم اینالسز، ٹرانسمیشن پلاننگ اور سسٹم آپریشن میں اہم ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ خدمات میں پاور سسٹم کی توسیع کے منصوبوں کی تیاری، کراس بارڈر سٹڈیز، روایتی اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے انٹرکنکشن سکیموں کی تجویز اور گرڈ سسٹم کی استحکام کے لیے حل شامل ہیں۔

انجینئر وسیم یونس کو نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے اہم منصوبوں میں پی سی ون اور پی سی ٹو کی تیاری، انڈیکیٹیو جنریشن کیپسٹی ایکسپنشن پلان (IGCEP)، ٹرانسمیشن سسٹم ایکسپنشن پلان (TSEP) اور گرڈ کوڈ کی تیاری جیسے منصوبوں میں بھی اہم کردار ادا کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی سطح پر مختلف اداروں سے تربیت حاصل کی ہے اور توانائی کے شعبے میں اہم پراجیکٹس پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں، ڈونر ایجنسیز، کنسلٹنٹس، اور پراجیکٹ ڈویلپرز کے ساتھ بات چیت کی ہے۔

انجینئر محمد وسیم یونس کی قیادت میں این ٹی ڈی سی کی ٹیم نئے منصوبوں کی نگرانی اور گرڈ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کرے گی۔

تبصرے بند ہیں.