لاہور: پتنگ بازی پر قید اور جرمانے کی سزاؤں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں تین میگا پراجیکٹس کی منظوری سمیت غیر قانونی اسلحہ اور پتنگ بازی پر قید اور جرمانے کی سزاؤں میں بھی اضافہ کیاگیا ۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو 30 ہزار ٹریکٹر دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ اجلاس میں چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے زیر التواء 12 ہزار ہارٹ سرجری جلدازجلد کرنے اور انٹرنیشنل سرجنز کو مدعو کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں پاکستان میں پہلی مرتبہ پلاٹ کے ملکیتی پیپر اور شناختی کارڈ کی کاپی پر ہاؤسنگ لون جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔15 لاکھ روپے قرض لینے والے کو 9 سال میں 14 ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کرنی ہوگی جبکہ عوام سے کوئی اضافی چارجز نہیں لیے جائیں گے۔
مریم نواز نے وزرا کو ہاؤسنگ لون کی پہلی قسط خود جاکر دینے کی ہدایت کی۔ پنجاب میں گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت 9500 ٹریکٹر دینے کی منظوری دی گئی۔50 ایکڑ تک اراضی مالکان کو ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ گرین ٹریکٹر سکیم کا آغاز 20 ستمبر سے جبکہ قرعہ اندازی 20 اکتوبر کو کی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.