فتنہ الخوارج کے خاتمے تک پاک فوج اور سکیورٹی ادارے آپریشن جاری رکھیں گے: وزیراعظم

73

راولپنڈی:وزیر اعظم شہباز شریف کا  کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خاتمے تک پاک فوج اور سکیورٹی ادارے آپریشن جاری رکھیں گے۔

جی ایچ کیو  میں ’یوم دفاع و شہدا‘ کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ افوج پاکستان کے بہادر جوانوں، شہدا کے لواحقین سے مخاطب ہوں، یہ دن شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، شہدا نے وطن کی آزادی و تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وطن کی خاطر جان قربان کرنے والوں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔

 

 

 

انہوں نےمزید  کہا کہ یہ دن ہماری اس قومی حمیت کی یاد دلاتا ہے جس سے سرشار ہو کر عظیم قوم نے طاقت کے زعم میں مبتلا دشمن کے مذموم ارادے خاک میں ملا دیے تھے، افواج پاکستان کے شیر سمندر، فضا اور زمین پر شاہین بن کر دشمن پر جھپٹے، لاہور جم خانہ میں چائے پہنے کا خواب دیکھنے والا دشمن فرار ہوگیا۔

 

پاک افواج کا ہر جوان شوق شہادت کے جذبے سے سرشار ہے، آپ کی وردی ہر ماں، بہن، بیٹی کے سر کی چادر ہے اور یہ وردی سبز ہلالی پرچم لہرانے کی علامت ہے۔

 

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور کئی تہذیبوں کا سنگم ہے، اس کی حفاظت، ترقی و خوشحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ناقابل تسخیر دفاع ہماری اولین ضرورت ہے۔

 

 

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور کسی ہمسائے کے خلاف جارحانہ عزم نہیں رکھتا، دہشت گردی، بدامنی کے خاتمے اور خطے کے امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، قوموں کو خوشحالی کی منزل ہمیشہ امن کے راستے سے ملتی ہے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خاتمے تک قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن جاری رکھیں گے، یقین رکھیں دہشت گردی کا سرکچلنے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔

تبصرے بند ہیں.