یومِ عاشور پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا خصوصی پیغام

64

یوم عاشور کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے خصوصی پیغام جاری کئے ہیں۔

 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ  امام حسین کی شہادت امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے، موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم و جبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ منگل کو ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے یوم عاشورہ ، 10 محرم الحرام کے موقع پر پیغام میں کہا کہ یومِ عاشورہ کو اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہ دن رسول اللہ ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے۔ آج کے دن امام حسین اور ان کے وفادار ساتھیوں نے ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ کر اسلامی اقدار کے احیاء اور امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ امام حسین کی شہادت امت مسلمہ کے لیے عظیم درس ہے۔ حضرت امام حسین نے شدید دباؤ اور مشکلات کے باوجود ظالم اور جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا۔ آپ اور آپ کے ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے جرات مندانہ مؤقف اپنایا اور ظلم اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ گئے۔ آپ نے امت ِمسلمہ کو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور آزمائشوں کے سامنے ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ امام حسین اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں، آپ نے دین کی خاطر جان اور اپنے اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا،آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اوریہی قربانیاں اہل ِایمان کے جذبات کو امتحان وابتلاء کے وقت میں جلا بخشتی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ آج ہمارےکشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے۔ فلسطینی اور کشمیری عوام جبر کے خلاف ، انصاف اور آزادی کے اصولوں کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ جدوجہد ان لوگوں کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے ۔ صدر نے کہا کہ موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم وجبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمیں قوم کی فلاح اور بہتری کی خاطر ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

 

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے،کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کر دیا کہ حق لازوال جب کہ باطل مٹنے کے لئے ہے،شہادت امام حسین ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے،آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امت مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے۔

 

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ اس دن نواسہ رسول ﷺنے حق اور باطل کی لڑائی میں اپنے اور اپنے رفقاء کی جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا،کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کر دیا کہ حق لازوال جب کہ باطل مٹنے کے لئے ہے۔ آج کے دن پیش آیا المناک واقعہ ہر مومن کے دل پر نقش ہے اور سچائی اور انصاف کے لئے دی گئی قربانی کی لازوال یادگار ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺکے پیارے نواسے امام حسین رضی اللہ عنہ کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات اور استقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔ آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امت مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے، اور جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے گئے انہیں مردہ نہ سمجھو، بلکہ وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں، رزق پارہے ہیں ۔ یہ آیت قربانی کے اس جذبے کو بیان کرتی ہے جس کا مظاہرہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقاء نے کیا۔

تبصرے بند ہیں.