کامیاب بزنس مین بننے کے اہم راز

3,034

 

آج کل مہنگائی سے ہر شخص انتہائی پریشان ہے،بے قابوگھریلو اخراجات کے ساتھ ساتھ بھاری بھرکم بلوں اور نت نئے ٹیکسز نے تنخواہ دار طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔اکثر شہری تو دو دو نوکریاں کر کے بھی روزمرہ خرچے پورے نہیں کر پا رہے، اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ نوکری تو عام حالات میں بھی آپ کو خوشحال زندگی نہیں دے سکتی اور ہمارے ملک کے حالات تو ویسے ہی معاشی ایمرجنسی جیسے ہیں،لہذااگر آپ معاشی آزادی کو انجوائے کرنا چاہتے ہیں تو آ پ کو جلد یا بدیر کوئی کاروبار ہی کرنا ہو گا۔
یہاں سوال یہ اٹھتا ہے کہ کاروبارکریں کیسے؟کاروبار کرنا تو ہر شخص چاہتا ہے مگر کامیاب چند ایک لوگ ہی ہوتے ہیں۔ آج ہم آپ کا یہی مسئلہ حل کریں گے اور ایسا طریقہ بتائیں گے جومختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کرنیوالے کاروباری افراد کے تجربات کا نچوڑ ہے۔اگر آپ اس طریقے پر عمل کر لیتے ہیں تو آپ کو بھی کامیاب بزنس مین بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
کسی بھی شعبے میں کامیابی حاصل کرنا صرف ایک عمل نہیں بلکہ مختلف مراحل کا ایک پورا تسلسل ہوتا ہے، ہم آ پ کو کامیاب بزنس مین بننے کا عمل مرحلہ وار انداز میں شروع سے لے کر آخر تک بتائیں گے۔ جتنی جلدی آ پ یہ مراحل طے کرتے چلے جائیں گے، کامیابی آپ کے قریب تر آتی چلی جائے گی۔سب سے پہلے آ پ یہ بات اچھی طرح سمجھ لیں کہ آپ کو کائنات کی طاقتور ترین اور بلند ترین ہستی خدا تعالیٰ نے تخلیق کیا ہے لہذا ظاہر ہے آپ کوئی ناکارہ،ناکام، ناقص یا فضول چیز ہرگز نہیں ہو سکتے۔ آپ احسن تقویم ہیں، یعنی سب سے اچھی صورت میں پیدا کئے گئے اور کائنات میں جتنی بھی مخلوقات ہیں ان میں سب سے افضل آپ ہیں۔ یہ ہم نے نہیں کہا یہ وہ عظیم ترین ذات کہہ رہی ہے جس نے آپ کو بنایا ہے اور وہی آپ سے متعلق سب سے بہتر جانتا ہے،اتنا کہ آ پ خود کو بھی اتنا نہیں جانتے۔لہٰذا سب سے پہلے خود کو اچھی طرح پہچان لیں، اپنی اہمیت جانیں کہ آپ بھی ہر وہ کام کر سکتے ہیں جو آج کے ملٹی ملینیئرز اور ملٹی بلینئرز(امیر کبیر افراد)
کر چکے ہیں، آپ بھی درست سمت میں آگے بڑھیں اور ان اصولوں پر عمل کر لیں جن پر کام کر کے کوئی آج کوئی ایلون مسک بن گیاہے اور کوئی مارک زکر برگ یا بل گیٹس تو آپ بھی ان سے ایک ہو سکتے ہیں۔
آپ حیران ہو رہے ہوں گے کہ کہاں وہ دنیا کی امیر ترین شخصیات اور کہا ں آپ مگر یہ تو ہمارے ایمان کا حصہ ہے کہ اللہ تعالیٰ جو چاہے کر سکتا ہے، تو اگر اس کی مرضی میں شامل ہو جائے کہ آپ بھی ملٹی ملینیئر بن سکتے ہیں تو یہ ناممکن تو ہرگز نہیں، بس مسلمان ہوتے ہوئے ہمیں اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسہ ہونا چاہیے،وہ پاک ذات اگر محنت کرنے پر غیر مسلموں کو عطا کرتی ہے تو ہمیں مسلمان ہوتے ہوئے کیوں نہیں عطا کرے گی، شرط بس محنت اور درست سمت میں قدم اٹھانے کی ہے۔
خداتعالیٰ نے اگر آپ کو زمین پر اتارا اور بھوک کی محتاجی دی ہے تو رزق فراہم کرنے کا پورا انتظام بھی کیا ہے۔ یہ صرف باتیں نہیں ابھی سب آپ کے سامنے کھل کر آجائے گا۔ قدرت نے ہر شخص کو ایک مخصوص ٹیلنٹ دے کر زمین پر بھیجا ہے، آپ خود پرغور کریں تو آپ کے اندر کوئی ایسا شوق ضرور ہو گا جو آپ کرتے ہیں تو لطف محسوس کرتے ہیں۔ اس کی پہچان یہ بھی ہے کہ آپ وہ کام گھنٹوں کرتے چلے جائیں مگر آپ کو بوریت یا تھکن محسوس نہیں ہوتی بلکہ انجوائے کرتے ہیں،روزگار سمیت اپنے ضروری کام نمٹانے کے بعد جونہی آپ کو موقع ملتا ہے آپ دوبارہ وہی کام مختلف انداز سے کرتے چلے جاتے ہیں۔
بس اپنے اندر آپ نے اسی ٹیلنٹ کو پہچاننا ہے اور اگلی بات سب سے اہم اپنے اس شوق کو کمرشلائز(یعنی کاروباری مقاصد)کیلئے استعمال کرنا ہے،یہی وہ ٹرننگ پوائنٹ ہے جہاں سے آ پ کی زندگی ترقی کی جانب گامزن ہو گی۔
اس اہم بات کو ایک مثال سے مزید سمجھتے ہیں، مثلا کچھ خواتین حتیٰ کہ مرد بھی ہوتے ہیں جنہیں نئی سے نئی ڈشز بنانے کا شوق ہوتا ہے، جونہی موقع ملا کچن میں گھس جاتے ہیں اور دیکھیں تو کھانے کی نئی سے نئی ترکیبیوں پر کام کرنے لگتے ہیں،ان کے ہاتھوں کے بنے بعض کھانے اتنے مزیدار ہوتے ہیں کہ انسان انگلیاں چاٹتا رہ جاتا ہے۔بس اس شخص یا خاتون کو چاہیے کہ وہ اپنے اس شوق کو کمرشلائز کرے یعنی شیف (خانسامہ) کا کورس کرلے تا کہ وہ مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر اپنی ان سروسز کو کاروباری مقاصد کیلئے استعمال میں لائے۔اسی طرح کچھ لوگوں کو رنگوں سے کھیلنے کا شوق ہوتا ہے، وہ گرافک ڈیزائنر بن سکتے ہیں، کسی کو باغبانی کا شوق لاحق ہوتا ہے تواسے زرعی شعبے میں کوئی سکل(مہارت)حاصل کر لینی چاہیے۔اگر آپ کواپنے ٹیلنٹ کی خود سمجھ نہیں آ رہی تو ہماری کریئر کاونسلرز پر مشتمل ٹیم آپ کی مدد کرسکتی ہے جس کیلئے آپ ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
بس جس وقت آپ کو پتہ چل گیا آپ کا پوشیدہ ٹیلنٹ کیا ہے تو اب آپ کا بزنس ابتدائی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔آپ کو بزنس بتانے کے بعد ہم آپ کوایسے قابل اعتماد بزنس پارٹنرز بھی بتائیں گے جو ساری زندگی آپ کے ساتھ رہیں گے،بس آپ نے ان کی عزت کرنی ہے اور ان کو دھوکہ نہیں دیں گے تو یہ نہ صرف آپ کو بہت زیادہ عزت دیں گے بلکہ لوگوں سے بھی دلوائیں گے۔یہ دو بزنس پارٹنرز ہیں وقت اور محنت،دوسری صورت میں اگر آپ نے ان کو دھوکہ دیا تو یہ آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑیں گے۔
وقت تو اتنا بڑا بزنس پارٹنر ہے کہ ایک کامیاب بزنس مین کا اس کے ساتھ ہر وقت ریسلنگ (کُشی)والامعاملہ ہوتاہے، اگر وہ وقت بالکل ضائع نہیں کرتا، اورصحیح فیصلے بروقت کرتا ہے تو ہی منافع حاصل کرتا ہے۔کیونکہ اس کو پتہ ہے اگر اس نے وقت پر صحیح قدم نہ اٹھایا تو اس کے بزنس کا کچھ یا سارا حصہ ڈوب سکتا ہے، وقت واقعی اتنا ہی بے رحم بزنس پارٹنر ہے، غور کریں تو ہمارے معاشرے کے زیادہ تر افراد اسی لئے غربت اور پریشانیوں کا شکار ہیں کہ وہ صحیح وقت پر درست فیصلے کی سمجھ بوجھ نہیں رکھتے، ایک کامیاب بزنس مین بننے کیلئے آپ کو یہ لیاقت اپنے اندر پیدا کرنی ہو گی، گھبرائیں نہیں، ہم اس سفر میں آپ کے ساتھ رہیں گے۔
دوسرا بزنس پارٹنر محنت ہے، اگر آپ نے اپنا ٹیلنٹ جاننے کے بعد اس کو نکھارنے کیلئے محنت نہ کی تو یہ بزنس پارٹنر بھی آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑے گا۔آپ نے محنت میں کوئی کوتاہی نہیں کرنی، یہ ایسا ہی ہے کہ جب زمین سے ہیرا نکلتا ہے تو وہ ایک عام پتھر جیسا ہی لگتا ہے مگر جونہی آپ اس کو تراش خراش کی بھٹی سے گزارتے ہیں تو وہ ہیرا بن جاتا ہے،آپ کے اندر چھپا ٹیلنٹ بھی ایک ہیرا ہے جس کو آپ نے خود کو تراش خراش کر ہیرے جیسی چمک دمک دینی ہے۔ آپ نے اپنے ٹیلنٹ سے متعلق سکل (ہنر)کو سیکھنے میں اس قدرسخت محنت کرنی ہے کہ اس شعبے کے ماہرین آپ کو ماسٹر کہنا شروع کر دیں۔ اگر آپ ایک شیف(خانسامہ یا باورچی)کا کور س کر رہے ہیں تو آپ کو دیسی، کونٹی نینٹل، چائنیز،تھائی سمیت ہر ڈش پر پوری مہارت حاصل ہونی چاہیے، آپ نے اپنی جان اتنی کھپائی ہو کہ جس ریسٹورنٹ میں ملازمت کررہے ہیں وہاں کوئی بھی ڈش تیار کریں تو لوگ اپنی انگلیاں چاٹتے رہ جائیں۔لوگ آپ کے ہاتھ کا کھانا کھانے دور دور سے آئیں، آپ کے کھانوں کی لذت اور خوشبو لوگوں کو بے خودسا کردے، وہ خود کو روک نہ پائیں کہ آپ کا تیار کردہ کھانا سامنے آئے تو وہ کھانا کھائے بغیر رہ پائیں، یہ کوالٹی یا معیار آپ نے خود اپنی محنت سے خود میں پیدا کر نی ہے، یہ صورت حال لانے کا راز بار بار پریکٹس میں مضمر ہے۔بس آپ نے گھبرانا نہیں، یہی محنت آ پ کو بالآخروہ پھل دے گی جس کی آپ نے ہمیشہ تمنا کی ہے۔
بس جب یہ مرحلہ آ جائے کہ لوگ دور دور سے آپ کے ہاتھ کا ذائقہ چکھنے آ رہے ہیں تو یہ وہ موقع ہے کہ پیسہ خود آپ کے پاس چل کر آ رہا ہے، آپ پیسے کے پیچھے نہیں بھاگ رہے۔ ایک اور بزنس مشورہ ہے کہ آپ نے شروع سے ہی اپنی مہارت سے کمائے پیسے کے دو حصے رکھنے ہیں۔ ایک وہ حصہ کو آپ کے اپنے اخراجات کا ہے اور دوسرا وہ حصہ جس سے آپ نے اپنا کاروبار شروع کرنا ہے۔
جب آپ ایک چھوٹے سے ریسٹورنٹ کیلئے پیسے اکٹھے کر لیں تو ایک اپنا ریسٹورنٹ(چاہے ایک کمرے کا ریسٹورنٹ ہو مگر آپ کے اپنے نام سے ہو) بنائیں۔بس اب کی زندگی کا وہ مرحلہ آ گیا ہے کہ اب آپ ایک ایک کاروباری شخصیت بن گئے ہیں،وہ کسٹمرز جو پہلے آپ کی ملازمت والے ریسٹورنٹ میں آ رہے تھے وہ آپ کے ہاتھ کے ذائقے سے مجبو ر ہو کر پاس آنے لگیں گے، یوں آپ کا ریسٹورنٹ چلنے لگے گا۔
کچھ عرصے میں آپ چاہیں تو شاگرد رکھیں اور اپنے بزنس کو پھیلائیں، یوں آپ اپنے نام کی برانڈ بنا سکتے ہیں جو مختلف علاقوں یا شہروں میں اپنی شاخیں پھیلائے ہوئے ہیں۔اس دوران آپ نے اپنے کام میں جدت بھی لانی ہے، کچھ ایسی ڈشز تیار کریں جو صرف آپ کی اپنی ایجاد ہوں اور لوگوں کو پسند آئیں، یہ آپ کی برانڈ کی منفرد پہچان بنانے میں مدد دے گی۔ بالکل اسی طرح دیگر شعبوں میں بھی ترقی لائی جا سکتی ہے۔ لیجیئے، اب آپ ایک کامیاب بزنس مین بننے کا عملی نسخہ جان چکے ہیں، بس آپ نے کچھ عرصہ محنت کر کے ساری زندگی اس کا پھل کاکھانا ہے اور خوشحال زندگی پا لینی ہے۔

 

رائٹر:ریحان علی

نوٹ: ادارے کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے بند ہیں.