اسلام آباد:اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان ہمران پہنچا۔وفد میں وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں جبکہ دورہ پاکستان کے موقع پر ایک بڑا تجارتی وفد بھی ایرانی صدر کے ہمراہ پہنچا۔
یرانی صدرابراہیم رئیسی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔ایرانی صدر لاہور اور کراچی بھی جائیں گے اور صوبائی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل سے 24 اپریل تک اسلام آباد، لاہور اور کراچی دورہ کریں گے، کراچی میں ایرانی صدر کی وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سے ملاقاتیں ہوں گی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے۔
ایرانی صدر کل بروز منگل کراچی پہنچیں گے، اس موقع پر کمشنر کراچی نے شہر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق شہر قائد میں تمام نجی، سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایران تعلقات، تجارت، توانائی، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوگی۔ علاقائی اورعالمی امورسمیت دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی مضبوط تعلقات ہیں۔
یہ دورہ پاکستان اورایران کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنائے گا۔
تبصرے بند ہیں.