اسلام آباد: سردار لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ اور دیگر وکلا کی گرفتاریوں پر اسلام آباد بار کونسل نے اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اسلام آباد بار کونسل کے وائس چیئرمین عادل عزیز قاضی کی جانب سے وکلا کی حالیہ گرفتاریوں کے ردعمل میں شدید مذمت کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے وکلا کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ پرامن احتجاج میں حصہ لینے کے اپنے حق کا استعمال کر رہے تھے، اسلام آباد بار کونسل وکلاء کے خلاف کارروائیوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔
اسلام آباد بار کونسل تمام گرفتار وکلاء کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے لاہور میں احتجاج کے دوران گرفتار کر لیا تھا۔ دونوں رہنماؤں کو ابھی تک رہا نہیں کیا گیا ہے۔
لطیف کھوسہ کو پولیس نے صدر گول چکر سے اور سلمان اکرم راجہ کو بھی پولیس نے اچھرہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.