8 فروری کو عام انتخابات، پریزائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی ترسیل آج ہو گی

70

اسلام آباد: 8 فروری کے انتخابات کے لیے انتخابی سامان پریزائڈنگ افسران اور پولنگ عملے کو آج دیا جائے گا۔

 

ملک بھر میں 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے گا، ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، حلقہ کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ آفیسر کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔

 

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی.

 

ملک میں انتخابی مہم ختم ہوگئی، اشتہارات اور دیگر تحریری مواد کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہر پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ووٹ کے لیے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جاسکے گا۔

 

 

ووٹرز پولنگ اسٹیشن کی معلومات کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس بھیج کر بھی حاصل کر سکتے ہیں۔حکام کے مطابق الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

 

 

میڈیاپولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹہ گزر نے کےبعد رپورٹنگ رزلٹ کی نشریات شروع کر سکتا ہے جس سے یہ واضح طورپر بتایا جائے گا کہ یہ رزلٹ غیر حتمی و غیر سرکاری ہے۔

 

ریٹرننگ آفیسرز پولنگ اسٹیشنوں کا پروگریسو رزلٹ اور مکمل غیر حتمی رزلٹ جاری کریں گے۔ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل کرے گا اور خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

 

عام انتخابات کیلئے پولنگ کل بروز جمعرات 8 فروری کو ہو گی، 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 رجسٹرڈ ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے، چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.