روسی فوجی طیارہ یوکرین کی سرحد کے قریب گر کر تباہ، 65 یوکرینی جنگی قیدی ہلاک

84

ماسکو: روس کا ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ یوکرین کی سرحد سے قریب  جنوبی بیلگوروڈ کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

 

روس کی وزارت دفاع کے مطابق طیارے میں یوکرین کے جنگی قیدی سوار تھے اور کم از کم 65 یوکرینی جنگی قیدی اس واقعہ میں مارے گئے۔

 

روسی خبر رساں ذرائع کے مطابق یوکرائنی قیدیوں کو "تبادلے کے لیے بیلگوروڈ کے علاقے میں لے جایا جا رہا تھا اور جہاز میں عملے کے چھ افراد سمیت مزید نو افراد بھی سوار تھے۔

 

یوکرین کی خبر رساں ذرائع کے مطابق یوکرین کے جنرل سٹاف نے بتایا کہ طیارہ روس کے S-300 فضائی دفاعی نظام کے لیے میزائل لے جا رہا تھا تاہم جنگی قیدیوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔

 

کچھ یوکرائنی میڈیا نے ابتدائی طور پر اطلاعات دیں تھی کہ روسی جنگی طیارے کو یوکرینی فورسز نے مار گرایا ہے، لیکن بعد میں ان اطلاعات کو حذف کر دیا گیا۔

 

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بیلگوروڈ کے شمال مشرق میں 70 کلومیٹر (44 میل) کے فاصلے پر یابلونوو گاؤں کے قریب ایک طیارہ گرتا ہوا اور اس کے بعد ایک دھماکہ ہوا۔

 

 

بیلگوروڈ کے علاقائی گورنر ویاچسلاو گلادکوف نے کہا کہ وہ ایک ”واقعہ“ سے آگاہ ہیں لیکن انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

 

روسی صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ کریملن کو اس حادثے کا علم تھا لیکن انہوں نے مزید کوئی تفصیلات نہیں دیں۔

تبصرے بند ہیں.