بالی ووڈ کے گلوگار و ریپر ہنی سنگھ کی شادی کے گیارہ سال بعد طلاق

25

دہلی: بالی ووڈ کے مقبول گلوکار و ریپر ہردیش سنگھ المعروف یو یو ہنی سنگھ اور اہلیہ شالنی تلوار کے درمیان طلاق ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ گلوکار ہنی سنگھ نے اہلیہ شالنی تلوار کے ساتھ باہمی معاہدے کے ذریعے طلاق حاصل کر لی۔

 

دہلی کی عدالت نے گزشتہ روز ایک سال سے زائد عرصے سے جاری طلاق کے کیس میں گلوکار ریپر ہردیش سنگھ، جو پیشہ ورانہ طور پر یو یو ہنی سنگھ کے نام سے مشہور ہیں، اور ان کی اہلیہ شالنی تلوار کو تقریباً 11 سال کی شادی کے بعد طلاق کا فیصلہ سنا دیا۔

 

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دوران سماعت جج نے استفسار کیا کہ کیا سنگھ کا اپنی بیوی کے ساتھ مفاہمت کی کوشش کرنے اور زندگی دوبارہ شروع کرنے کا کوئی ارادہ ہے؟جس پر ہنی سنگھ نے جواب دیا کہ اب میرا شالنی تلوار کے ساتھ رہنا بالکل ممکن نہیں ہے۔

 

یو یو ہنی سنگھ کے جواب کے بعد فیملی کورٹ کےجج پرمجیت سنگھ نے دونوں فریقین کے آپس میں تمام تنازعات ختم کرنے کے لیے ان دونوں کے درمیان طلاق کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ گلوکار کے خلاف ان کی اہلیہ نے گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کروایا تھا۔  باہمی معاہدے کے بعد شالنی تلوار نے ہنی سنگھ پر درج گھریلو تشدد کا مقدمہ بھی واپس لے لیا۔

ہنی سنگھ نے شالنی تلوار سے جنوری 2011ء میں شادی کی تھی اور ستمبر 2022ء میں دونوں نے عدالت میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

تبصرے بند ہیں.