چیئر مین پی ٹی آئی کی سائفر گمشدگی کیس میں عدالت منتقلی کے خلاف درخواست کی سماعت ملتوی

182

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔

 

چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان  کی اٹک جیل میں سماعت کرنے کے خلاف درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔

 

وکیل چیئرمین پی ٹی آئی شیرافضل مروت نے کہا کہ ہماری درخواست پر دو اعتراضات عائد کئے گئے ہیں۔ اعتراض ہے کہ ہم نے ایک ہی درخواست میں ایک سے زیادہ استدعا کی ہیں۔  چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ اِس سے کیا فرق پڑتا ہے؟ میں اعتراضات دور کر دیتا ہوں، آپ میرٹ پر دلائل دیں۔

 

عدالت کے استفسار پر وکیل نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کیسز کی متعلقہ عدالت مجسٹریٹ کی ہے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت مقدمات کا اختیار دینا غلط ہے۔

 

عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ نوٹس جاری کر کے اس پر بھی جواب طلب کر لیا جائے۔

 

چیئرمین عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت کےدلائل کے بعد عدالت نےکیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

 

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عدالت منتقلی کے وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے۔

 

 

تبصرے بند ہیں.