یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، سیکورٹی کے سخت انتظامات ،مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں

55

 

اسلام آباد: یوم عاشور ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی کے سخت انتظآمات ہیں۔ آج نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کی یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کا دن ہے۔ شہدا کی یاد میں ملک بھر میں جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

عزادار  ماتم داری ، گریہ زاری اور نوحہ خوانی کر رہے ہیں۔  شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش  کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔ جگہ جگہ عزاداروں کیلئے پانی  کی سبیلوں  اور لنگر کا بھی اہتمام ہے۔ سکیورٹی کے لیے 11 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

کراچی میں 10ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔ بڑی تعداد  میں عزادار شریک ہیں۔  پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔  ایم جناح روڑ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل اور لائٹ ہاؤس کی مارکیٹیں اور دکانیں بند ہیں۔ گلیاں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئیں۔جلوس کی گزرگاہوں، مجالس کے مقامات اور اطراف میں موبائل فون سروس معطل ہے۔

 

صدر مملکت عارف علوی نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا کربلا نے حقیقی تعلیمات کے تحفظ کیلئے جانیں قربان کیں۔ شہادت امام حسینؓ کا فلسفہ ظلم و جبر کے خلاف ہر قیمت پر ڈٹ جانا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا حضرت امام حسینؓ نے اصحاب اور اہل بیت کیساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم اور ناانصافی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ امام حسینؓ کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان  اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کیخلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔

تبصرے بند ہیں.