پی ٹی آئی کا ایجنڈا کس نے پاش پاش کیا؟،حکومت کے خاتمے پر کون رو رہا ہے؟:فضل الرحمان کی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی جماعت پر کھل کرتنقید
ٹانک: پی ڈی ایم کے سربراہ فضل الرحمان کاکہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بیرونی ایجنڈے پر کام کررہی تھی ہم نے اس کے ایجنڈے کو پاش پاش کردیا۔
ٹانک میں کارکنوں سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پا کستان تحریک انصاف بیرونی ایجنڈے پر کام کررہی تھی ہم نے اس کے ایجنڈے کو پاش پاش کردیا۔ انہوں نے سربراہ تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا پہلے ہی کہا تھا کہ یہ شخص ملک دشمن ہے، ہم نے پی ٹی آئی حکومت کیخلاف کلمہ حق بلند کیا، تحریک انصاف کا ایجنڈا بیرونی تھا، ہم نے اس کا ایجنڈا پاش پاش کیا۔
ملک میں امن و امان کی صورتحال پر حکومتی اتحاد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی بار بار سر اٹھاتی ہے، امن و امان کی ذمہ دار حکومت ہوتی ہے، گزشتہ حکومت نے قیام امن کیلئے کچھ نہیں کیا۔ پاکستان میں اسلامی نظام کے سوا کوئی نظام نہیں چل سکتا، ہم عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بحال کریں گے۔
ٹانک کے مسائل سے واقف ہوں، ہم ٹانک میں پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے، گومل زام سے ضلع کو صاف پانی میسر آئے گا۔ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر موم بتی مافیا اور اسرائیل رو رہا ہے۔ فرینڈ آف اسرائیل کمیٹی کے ارکان چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت میں رو رہے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ اگلے الیکشن اور اس کے بعد بھی پاکستان کی اسلامی شناخت کو متعارف کرایا جائے گا۔ پسماندہ ضرور ہیں لیکن ایسا نہیں کہ ہمارے پاس وسائل نہیں۔ٹانک شہر کو ہمیشہ پینے کے پانی کی شکایت رہی ہے۔ گومل زام ڈیم سے پینے کا صاف پانی ٹانک کو فراہم کریں گے، پینے کے پانی کا یہ منصوبہ 100 ارب روپے کا ہو گا۔سربراہ جے یو آئی نے یہ بھی کہا بڑے منصوبوں کی وجہ سے کچھ آبادیاں بھی متاثر ہوتی ہیں، لیکن آبادیوں کے حقوق غصب نہیں ہوں گے، سی پیک کے ساتھ یارک انٹرچینج سے ٹانک کو ملایا جا رہا ہے۔
تبصرے بند ہیں.