چیف جسٹس قوم کی آخری امید ہیں اگر سپریم کورٹ نے آئینی و قانونی فیصلے نہ کیے تو ملک میں خانہ جنگی ہوگی، شیخ رشید احمد

20

راولپنڈی:  چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جناب چیف جسٹس صاحب میں پہلی بارآپ سے اپیل کررہا ہوں، ریاست اور سیاست کو گندہ اور پراگندہ کیا جارہا ہے، میری زندگی کو ختم کرنے کیلئے 3آدمیوں کو مشغول کیا جارہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ میں القادر ٹرسٹ کے ایجنڈے کے وقت موجود نہیں تھا، میری شہزاد اکبر سے کبھی نہیں بنی، کسی ایجنڈے میں نہیں بیٹھا، جھوٹی گواہی دینے سے میں موت کو ترجیح دوں گا۔

شیخ رشید نے چیف جسٹس پاکستان سے مزید کہا کہ 70،80 لوگوں نے صبح میرے گھر پر دھاوا بولا، میرے ملازمین کو اٹھا کر نامعلوم مقام پرمنتقل کیا جارہا ہے، میرے گھر پر حملہ کیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں 16بار وزیررہا ہوں کبھی کسی کرپشن میں ملوث نہیں رہا اگر 16 وزارتوں میں ایک میں بھی کرپشن ملے تو میں پیش ہونے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ دھرتی پر ظلم اور زیادتی ہورہی ہے، اس ملک میں آئین اور قانون کی حکومت نہیں ہوگی توعام شہری کس طرح زندگی گزارے گا، جس طرح جینا مشکل بنایا جارہا ہے آپ اس کا نوٹس لیں۔

 

شیخ رشید کاکہنا تھا کہ لوگ آسمان کے بعد سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں ، اگر آپ نے بھی آئینی قانونی فیصلے نہ کیے تو یہ ملک قحط سالی ، مہنگائی بیروزگاری بڑھے گی، عام آدمی خودکشی کرے گا تباہی و بربادی ہوگی اس لیے آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس کا نوٹس لیں۔

تبصرے بند ہیں.