اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے پارٹی فنڈنگ کیس کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن میں دیگر سیاسی جماعتوں کی سکروٹنی سے متعلق فرخ حبیب کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے انور منصور ،الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی جی لاء الیکشن کمیشن ارشد خان پیش ہوئے۔
انور منصور کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے جواب پر تحریری اعتراض جمع کرا دیا ہے ۔ ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے سے سپریم کورٹ میں مصروف تھا تو انکا اعتراض ابھی پڑھا نہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ بڑی عدالتوں میں جاتے ہیں چھوٹی عدالتوں میں کہاں آئیں گے ۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے پارٹی فنڈنگ کیسسز زیر سماعت ہیں؟ اس پر ڈی جی لا نے کہا کہ جی دیگر سیاسی جماعتوں کے پارٹی فنڈنگ سے متعلق کیسسز زیر سماعت ہیں ۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جب کیسسز زیر سماعت ہیں تو پھر ختم کریں کیوں لٹکا رہے ہیں؟ ۔ ان کیسسز کو نمٹائے مگر ایسا نہ ہو کہ مزید دو سال لگ جائیں۔ کیس کی سماعت 20 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔
تبصرے بند ہیں.