علیم خان اور ترین گروپ نے نئی سیاسی جماعت بنانے کی تردید کر دی

58

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن اور سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کے بعد جہانگیر ترین گروپ نے بھی نئی سیاسی جماعت قائم کرنے کی خبروں کی تردید کر دی ۔

 

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے علیحدہ سیاسی جماعت بنانے کی تیاری کر لی ہے اور وسطی اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اہم سیاستدانوں کا نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کا امکان ہے ۔

 

نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کیلئے علیم خان، جہانگیر ترین اور چوہدری سرور گروپ کے افراد سے رابطے کیے گئے ہیں۔ تاہم اب اس حوالے سے علیم خان کا بیان سامنے آیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ نئی سیاسی جماعت کے قیام میں میری شمولیت کے حوالے سے خبروں میں صداقت نہیں ہے، میں کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہونے جا رہا ۔

 

علیم خان کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور اور جہانگیر ترین سے اچھا تعلق ہے لیکن سیاست کا ارادہ نہیں ہے، ابھی ساری توجہ فلاحی کاموں پر مرکوز ہے ، سیاسی معاملات سے علیحدہ ہوں ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا نہ حصہ ہوں اور نہ ہی بننے کا ارادہ ہے ، بلا تفریق خدمت اور رفاہی کاموں کیلئے فاؤنڈیشن کی سرپرستی کر رہا ہوں ، اس وقت سیاست میں فعال ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔

 

دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے بھی نئی پارٹی بنانے کی خبروں کی تردید کر دی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین ، علیم خان یا چوہدری سرور کوئی نئی جماعت نہیں بنا رہے ، ہم اس وقت حکومت کا حصہ ہیں اور حکومت کے ساتھ ہی کھڑے ہیں ۔ ترین گروپ مسلم لیگ ن کا اتحادی ہے اور رہے گا ، ترین گروپ الگ سے کوئی نئی جماعت نہیں بنا رہا ۔

 

 

تبصرے بند ہیں.