بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ کیلئے اتفاق رائے پر مبنی جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے: صدر مملکت

70

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ کیلئے اتفاق رائے پر مبنی جامع حکمت عملی شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں توانائی کی بچت کے حوالے سے صدر مملکت کی زیرصدارت اجلاس میں ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سمیت دیگر وفاقی وزرا شریک ہوئے۔ 
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز صوبوں سے مشاورت کے بعد جامع پالیسی اور پروگرام تیار کرنے اور بجلی، گیس اور پانی کے تحفظ اور بچت کیلئے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اہمیت کے اقدامات پر عملدرآمد کی رفتار میں اضافے سے ہی پاکستان تیز ی سے ترقی کر سکتا ہے، اسلامی تعلیمات وسائل کی کثرت سے موجودگی کے باوجود تحفظ اور بچت پر زور دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن اور احادیث کی تعلیمات پانی کے تحفظ پر زور دیتی ہیں چاہے اور اسلام وسائل کے ضیاع کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، پانی، گیس اور بجلی سمیت قیمتی وسائل کے استعمال میں اپنے رویوں اور طرز عمل کو بدلنے کیلئے اسلامی اقدار کو اپنانا چاہیے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بارش کے پانی کو ذخیرہ اور استعمال کرنے، چھتوں کو سولرائز کرنے اور چھتوں پر باغبانی کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے جبکہ انہوں نے الیکٹرانک بائیک کے استعمال کی ترغیب دینے کے خیال کو بھی سراہا۔

تبصرے بند ہیں.