اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم عوامی مشکلات دور کریں گے لیکن وقت درکار ہے، 31 دسمبر کو اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں (ن) لیگ کو تاریخی کامیابی ملے گی، عمران خان کی دوبارہ اقتدار میں آنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ عوامی مسائل کو حل کیا ہے اور اب بھی بارہ کہو بائی پاس کا دیرینہ عوامی مطالبہ پورا کرنے جا رہے ہیں، 31 دسمبر کو اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کو تاریخی کامیابی ملے گی، ہمیں احساس ہے ملک میں مشکل معاشی حالات ہیں لیکن 4 سال کی خرابی چند ماہ میں دور نہیں کی جا سکتی، ہم عوامی مشکلات دور کریں گے لیکن وقت درکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ترقیاتی منصوبے دینے میں (ن) لیگ کا کوئی ثانی نہیں، ملک سوشل میڈیا پر نہیں چلتے بلکہ عملی کام کرنا پڑتا ہے، عمران خان کا 4 سالہ دور بدعنوانیوں سے بھرا پڑا ہے اور ان کی ساری سیاست جھوٹ کے سوا کچھ نہیں ہے، عمران دور میں سیاسی مخالفین کو انتقام کا بدترین نشانہ بنایا گیا مگر ہم نے ریاست کیلئے اپنے سیاسی مفادات داؤ پر لگائے ، عمران خان کی دوبارہ اقتدار میں آنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔
تبصرے بند ہیں.