اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ملک دشمن قوتوں کے عزائم سے ہوشیار رہنا چاہئے، بلوچستان کو ترقی یافتہ علاقوں کے ساتھ جوڑنے کیلئے عملی اقدامات بھی لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان ریزیڈنشل کالج لورالائی کے طلباءنے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کا تعلیمی دورہ کیا جہاں وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے رواں سال ترقیاتی بجٹ میں سب سے زیادہ 120 ارب روپے بلوچستان کیلئے رکھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 20 پسماندہ اضلاع کی ترقی کے منصوبے میں 11 اضلاع بلوچستان کے ہیں اور اگلے پانچ سالوں میں ان 11 اضلاع میں بڑی تبدیلی آئے گی، حکومت نے بلوچستان اور سابقہ فاٹا کیلئے 5000 تعلیمی وظائف کا نیا منصوبہ منظور کیا ہے اور اس منصوبے کی بدولت بلوچستان کے طلباءپاکستان کی اعلیٰ جامعات میں تعلیم حاصل کر سکیں گے، تعلیم پسماندگی اور غربت کا تریاک ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پچھلے دور میں بلوچستان کے اضلاع میں یونیورسٹیاں قائم کی گئیں جبکہ بلوچستان کو ترقی یافتہ علاقوں کے ساتھ جوڑنے کیلئے عملی اقدامات بھی لے رہے ہیں۔ نوجوانوں کو ملک دشمن قوتوں کے عزائم سے ہوشیار رہنا چاہئے، مجھے یقین ہے طلباءاعلیٰ تعلیم اور صلاحتیں حاصل کر کے بلوچستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.