عمران خان 26 نومبر کو راولپنڈی آئیں گے، معیشت کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں: شاہ محمود
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماءاور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان 26 نومبر کو خود راولپنڈی آئیں گے، اسد عمر اور مجھے حقیقی مارچ روات تک پہنچانے کی ذمہ داری ملی اور کوشش کریں کہ 25 نومبر کی رات راولپنڈی پہنچ جائیں۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا مارچ پرامن ہو گا، مارچ کے دوران کسی بازار کو بند نہیں کرایا گیا، اسد عمر اور مجھے حقیقی مارچ روات تک پہنچانے کی ذمہ داری ملی اور اس دوران ہم نے راستے میں عوام کے جو تاثرات دیکھے وہ عمران خان کو بتائے ، عمران خان 26 نومبر کو خود راولپنڈی آئیں گے اور ملک بھر سے آنے والے قافلوں کا استقبال کریں گے، کوشش کریں 25 نومبر کی رات راولپنڈی پہنچ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے قتل کا منصوبہ واضح ہو گیا اور کوشش کے باوجودایف آئی آر درج نہ ہو سکی، ایف آئی آر نہ ہونے کی وجہ طاقتورقوتیں ہیں، کوشش کے باوجود ہماری تسلی کے مطابق ایف آئی آرنہیں کاٹی گئی، ہم نے ایف آئی آر میں 3 شخصیات کونامزد کیا مگر طاقتورشخصیات کے ہوتے ہوئے ایف آئی آرنہیں کاٹی گئی، جب تک یہ تین شخصیات عہدوں پر ہیں، ہمیں انصاف کی توقع نہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شوکت ترین نے پریس کانفرنس کی بزنس کمیونٹی پریشان ہے، آج بزنس وفد نے پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کی، ملک کس طرف جا رہا ہے، معیشت کے حوالے سے حکومت کاکوئی پلان نہیں اور ہم معیشت کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے الیکشن کامطالبہ کر رہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.