لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، پنجاب کی سیاسی صورتحال اور ملک میں بڑھتی مہنگائی پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے ، اجلاس میں پیپلزپارٹی کے تمام ایم پی ایز شریک ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ کی قیادت میں ہوا ۔ پیپلزپارٹی پارلیمانی اجلاس میں ایم پی اے علی حیدر گیلانی ، ایم پی اے مخدوم عثمان ، ایم پی اے ممتاز علی چانگ ، ایم پی اے شازیہ عابد ، ایم پی اے نبیل رئیس اور ایم پی اے غضنفر لنگاہ بھی پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی اجلاس میں شریک ہوئے ۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلزپارٹی مرکز اور پنجاب میں اتحادی حکومت کے ساتھ ہے ۔ آج وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کی دوبارہ گنتی میں حمزہ شہباز شریف کو ووٹ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وعدوں کو من و عن پورا کریں گے ۔
ایم پی اے مخدوم عثمان نے کہا کہ مہنگائی کا احساس ہے عام آدمی سب سے زیادہ مہنگائی سے متاثر ہو رہا ہے ۔
ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے اتحادی حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے ۔
ایم پی اے علی حیدر گیلانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نہری پانی کی کمی کے باعث تشویشناک صورتحال ہے جس کا فوری تدارک ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومی کے خاتمے کے لیے انقلابی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
ایم پی اے ممتاز علی چانگ نے کہا کہ کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے پاک کرکے عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔
ایم پی اے شازیہ عابد نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن ہنگامی اقدامات کرے ۔ خواتین کی فلاح و بہبود کو حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے ۔
ایم پی اے غضنفر لنگاہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ ہم بنائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دوبارہ انتخاب میں پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے حکم کے مطابق ووٹ دیں گے ۔
تبصرے بند ہیں.