اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست این او سی جاری ہونے پر نمٹا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی جلسے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران درخواست گزار وکیل بابر اعوان نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات اسلام آباد انتظامیہ نے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دیدی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ پرامن جلسہ آپ کا بنیادی حق ہے اور جلسے کی اجازت دینے سے متعلق این او سی جاری ہونے کے باعث درخواست نمٹا دی۔
سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ جلسہ کرنا سیاسی جماعت کا بنیادی حق ہوتا ہے، پریڈ گراؤنڈ دیگر جماعتوں کیلئے بھرنا آسان نہیں مگر پی ٹی آئی کیلئے آسان ہے، عمران خان پریڈ گراؤنڈ بلاتے ہیں تو وہ بھر جاتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ رات ہونے والے اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پھر رات کے اندھیرے میں عوام کی جیب کاٹی ہے اور تحریک انصاف اس کیخلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
تبصرے بند ہیں.