اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری اصل منزل خود انحصاری کی ہے ۔ خودانحصاری کسی قوم کی معاشی اور سیاسی آزادی کی ضمانت ہوتی ہے ۔ کوئی قوم معاشی اور سیاسی آزادی کے بغیر آزادانہ فیصلے نہیں کرسکتی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرن اراؤنڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں شرکت میرے لئے باعث فخر ہے ۔ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے ایک نہیں 2 ارب ڈالر ملیں گے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں وسائل اور ہنرمند لوگوں کی کمی نہیں ، ہمیں ملک کو ترقی دینے کیلئے آگے بڑھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چاروں صوبوں کے اتحادیوں کی حکومت ہے ۔ فیصلوں پر مشاورت جمہوری عمل ہے ، ملک کی بہتری کیلئے مشاورت ضروری ہے ۔ کیونکہ موجودہ حکومت کسی ایک جماعت کی نہیں اتحادی جماعتوں کی ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے ۔ وسائل کے باوجود پاکستان قرضوں میں ڈوب چکا ہے ۔ ریکوڈک میں اربوں ڈالر کا خزانہ ہے ، ہم ایک پیسہ وہاں سے نہیں کما سکے ۔ مقدمات اور دیگر مد میں ہم نے اربوں روپے ضائع کئے ۔
انہوں نے کہا کہ حویلی بہادر شاہ پراجیکٹ کا پیسہ پاکستانی قوم کا ہے ۔ 1250 میگاواٹ کا حویلی بہادر شاہ منصوبہ 2 سال پہلے مکمل ہونا چاہئے تھا ۔ گزشتہ حکومت نے گیس کے سستے اور لانگ ٹرم معاہدے نہیں کئے ۔
تبصرے بند ہیں.