لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان نے کرپشن کیلئے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر ایک کمپنی بنائی مگر اب انہیں عدالتوں میں کرپشن کا جواب دینا ہو گا جس سے بچنے کیلئے وہ سازش، سازش کی رٹ لگا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹو کے یومِ پیدائش کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب نے کمپنی میں کک بیکس پہنچائے اور اس کمپنی کے ذریعے مختلف لوگوں نے کرپشن کی مگر اب وقت آ گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی کی اہلیہ عدالتوں میں کرپشن کا جواب دیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان اب بچنے کیلئے سازش، سازش کی رٹ لگا رہے ہیں مگر عوام نے ان کا چہرہ پہچان لیا ہے اور وہ اس کے جھوٹ پر یقین نہیں کریں گے، پی پی کے کارکنان نے جیسے ماضی میں پاکستان کو مشکلات سے نکالا ویسے ہی اب عمران خان کی تیار کی گئی مشکلات سے نجات دلائیں گے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تمام جماعتیں ملک کی ترقی کیلئے کام کررہی ہیں، ہم سب نے جب نالائق سلیکٹڈ کو برداشت کیا تو اب اتحادی جماعتوں کی حکومت کو بھی وقت دینا چاہیے تاکہ ہم معاشی اور انتخابی ریفارمز کر کے انتخابات میں جایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار یہ سارے کام مکمل ہو جائیں گے تو ہمیں پھر شہر شہر جا کر بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کا پیغام پہچانا ہے اور اپنی جیت کیلئے مقابلہ کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان دنیا میں تنہاءرہ گیا تھا مگر میں نے وزیر خارجہ بننے کے بعد بہت سارے ممالک کا دورہ کر کے پاکستان کی ساکھ کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی، ہم نے امریکہ سے دو طرفہ تجارتی تعلقات بہتر کرنے کی بات کی ہے۔
تبصرے بند ہیں.