وزیراعظم کا ملک گیر سی پی آر ٹریننگ کے انعقاد کا فیصلہ، آئندہ ہفتے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا

56

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ملک گیر سی پی آر ٹریننگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ہفتے اس ملک گیر مہم کے حوالے سے مکمل لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ملک گیر سی پی آر ٹریننگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ 
سلمان صوفی کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی حالات میں جان بچانے والی بین الاقوامی معیار کی سی پی آر تربیت کو ناصرف سکولوں کے نصاب میں شامل کیا جائے گا بلکہ ہر شہری کو سی پی آر کی تربیت دینا بھی مہم کا حصہ ہو گا اور یہ تربیت لاکھوں زندگیاں بچانے میں معاون ثابت ہو گی۔
سلمان صوفی نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے شعبہ صحت میں میرٹ کی بالادستی، بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور صوبہ پنجاب میں ہسپتالوں کے قیام کو یقینی بنایا اور اب بھی شعبہ صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم وزرات عظمی سنبھالنے کے بعد قومی سطح پر صحت کے شعبے میں اصلاحات کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں اور جان بچانے والی سی پی آر تربیت کی ملک گیر مہم اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔

تبصرے بند ہیں.