پی ٹی آئی کا منحرف ارکان سے متعلق فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

21

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 20 منحرف ارکان قومی اسمبلی سے متعلق ریفرنس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو انتہائی جانبدارانہ اور متعصبانہ قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔ 
دوسری جانب سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ فیصلہ ضمیر فروشی، اور ہارس ٹریڈنگ کو حلال قرار دینے کا پروانہ ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے لگ رہا ہے کہ آئین پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکان قومی اسمبلی سے متعلق ریفرنس اتفاق رائے سے خارج کر دیا تھا۔ 
الیکشن کمیشن میں ریفرنس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے منحرف رکن نور عالم خان کے وکیل گوہر خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی شوکاز نوٹس کے جواب میں کہا تھا پی ٹی آئی چھوڑی ہے اور نہ ہی پارلیمانی پارٹی۔ 
وکیل گوہر خان نے کہا کہ نور عالم نے تین اپریل و اجلاس میں شرکت کی تاہم اس کے بعد پارٹی نے کوئی ہدایت نہیں کی کہ آپ اجلاس میں شرکت نہ کریں، نور عالم نے کسی اور پارلیمانی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ 

تبصرے بند ہیں.