پی ٹی آئی کا آج میانوالی میں پاور شو، عمران خان خطاب کریں گے

61

 

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج میانوالی میں پاور شو کرنے جا رہی ہےجس سے سابق وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق  میانوالی میں آج ہونے والے جلسے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جلسہ کا وقت شام 6 بجے مقرر کیا گیا ہے،عمران خان کی جانب سے آج ہونے والے جلسے میں اسلام آباد تحریک شروع کرنے کا اعلان بھی متوقع ہے۔

 

جلسے میں میانوالی سمیت دیگر اضلاع سے بھی بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کارکنان شریک ہونگے ۔جلسے کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور جلسہ گاہ کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ دو روز قبل  چیئرمین پی ٹی آئی نے میانوالی کے عوام کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا  کہ 6 مئی کو میانوالی میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کروں گا، انہوں نے میانوالی جلسے کو  حقیقی آزادی کی تحریک کا آغاز قرار دیا ۔

سابق وزیراعظم نےاپنے پیغام میں  کہا کہ امپورٹڈ اور کرپٹ ترین لوگوں کی حکومت کو ہم پر مسلط کیا گیا جس کی غلامی سے آزاد کرنے کرنے کیلئے اسلام آباد لانگ مارچ کی کال دی ہے اور اس کی تیاری کا آغاز کر رہے ہیں، میانوالی نے پہلی بار مجھے قومی اسمبلی کی سیٹ جتوائی تھی، آپ سے ہی اس تحریک کا آغاز کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں اور پورے پاکستان کو پیغام دینا ہے کہ میانوالی میرے ساتھ کھڑا ہے، میانوالی ’غلامی نامنظور‘ کیساتھ کھڑا ہے، میانوالی ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ کے ساتھ کھڑا ہے۔


تبصرے بند ہیں.