عمران نیازی نے بغاوت کی، مقدمہ فل کورٹ سنے ،197 ایم این اے سپریم کورٹ لائیں گے: متحدہ اپوزیشن

14

 

اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے آج ملک اور آئین کے خلاف کھلی بغاوت کی ہے جس کی سزا آئین کے آرٹیکل 6 میں درج ہے جبکہ  متحدہ اپوزیشن کل اسپیکر غیر آئینی رولنگ ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں اپنے تمام 197 آراکین قومی اسمبلی سپریم کورٹ لا رہی ہے ۔

 

 

 اتوار کو اپنے مشترکہ بیان میں متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ سپیکر سمیت تمام حکومتی ٹولے کے غیرآئینی وغیرپارلیمانی اقدامات اور رویوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور انہیں آئین شکن قرار دیتے ہیں۔

 

 بیان میں کہاگیا کہ ایوان کے اندر متحدہ اپوزیشن اپنی واضح اکثریت ثابت کرچکی ہے جبکہ یہ بھی بلاشک وشبہ عیاں ہوچکا ہے کہ اپوزیشن کے پاس ایوان کے ارکان کی واضح اکثریت ہے۔ متحدہ اپوزیشن آئین ، عوام اور جمہوریت کا ساتھ دینے والے تمام باضمیر اور آئین وعوام دوست ارکان کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

 

 بیان میں کہاگیا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے صورتحال کا نوٹس لینے کے اقدام کی تحسین کرتے ہیں۔ ملک وقوم کو درپیش سنگین آئینی بحران کے پیش نظر چیف جسٹس اور ان کے برادر ججز کی طرف سے فوری کارروائی اور مختصر حکم کے اجراءکا خیرمقدم کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن اور پاکستان کے بائیس کروڑ عوام پرامید ہیں کہ پاکستان کی اعلی عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔

 

متحدہ اپوزیشن کے مطابق عدالت  آئین شکنی کے اقدامات سے پیدا ہونے والے بحران پر ایک منصفانہ، عادلانہ اور دستور کی روشنی میں فیصلہ صادر فرمائے گی۔ متحدہ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ آئین شکنی اور آج کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پرغیرقانونی وغیردستوری حکومتی اقدامات پر سماعت عدالت عظمی کا فل کورٹ سُنے۔

تبصرے بند ہیں.