پی پی پی رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم پاکستان پہنچ گئے

39

کراچی: ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم پاکستان پہنچ گئے ہیں جو وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں اپنا ووٹ استعمال کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق جام عبدالکریم غیرملکی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے جہاں پارٹی وزرا امتیاز شیخ، سہیل سیال اور شبیر بجارانی نے ان کا استقبال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالکریم ائیرپورٹ سے سخت سیکیورٹی میں روانہ ہوئے۔ 
ذرائع کے مطابق جام عبدالکریم مقتول ناظم جوکھیو کے گھر جاکر اہل خانہ اور ان کی بیوہ سے ملیں گے جبکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں اپنا ووٹ بھی استعمال کریں گے۔ 
واضح رہے کہ جام عبدالکریم ناظم جوکھیو قتل مقدمے میں سندھ ہائیکورٹ سے 3 اپریل تک حفاظتی ضمانت پر ہیں۔ عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں 3 ملزمان سالار، دودو اور دھنی بخش کی ضمانت میں توسیع بھی کی ہے، یہ تینوں ملزمان ملیر کورٹ سے ضمانت منسوخی کے بعد فرار ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ جام کریم کی سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت کے بعد بھی وزیر داخلہ نے گرفتاری کا عندیہ دیا تھا۔ ناظم جوکھیو کے اہل خانہ نے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم جوکھیو سمیت تمام ملزمان کو خون معاف کردیا تھا، اس حوالے سے ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی۔ 
ویڈیو بیان میں ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو نے کہا کہ میں بہت مجبور ہوں، میرے گھر والوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا ہے، میں اکیلی نہیں لڑ سکتی، اپنے بچوں کی خاطر میں نے سب ملزمان کو چھوڑ دیا اور اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.