اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فضل الرحمن، زرداری اور شہباز شریف نے شیروں کو جگا دیا ہے، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد نہ لاتی تو ہم ایسے ہی سوئے رہتے، آپ ا پوزیشن کو ہاتھ ملتا دیکھیں گے اور یہ 3 جوکر پھر کبھی نظر نہیں آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم کوئی چار ڈویژنز کی پارٹی نہیں ہیں بلکہ صرف تحریک انصاف ہی واحد وفاقی جماعت ہے۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی امور پر غور کیا گیا جبکہ کمیٹی نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام فیصلوں کا اختیار انہیں سونپ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے لوگوں کو خریدنے کی مذمت کی گئی، ہمارے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور تین ارکان کو پیسوں کی پیشکش ہوئی ہے، تحریک انصاف میں کوئی منحرف نہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ووٹنگ کیلئے جلد سے جلد اجلاس ہو کیونکہ آپ اپوزیشن کو ہاتھ ملتے دیکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے کامیاب جلسے کئے مگر پیپلز پارٹی کا مارچ سندھ سے شروع ہوا تو پنجاب میں بکھر گیا، فضل الرحمن، زرداری اور شہباز شریف نے شیروں کو جگا دیا، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد نہ لاتی تو ہم ایس ہی سوئے رہتے، عمران کبھی بلیک میل ہوئے اور نہ پی ٹی آئی، یہ تین جوکر آپ کو پھر نظر نہیں آئیں گے۔
تبصرے بند ہیں.