جمعیت کے غنڈوں نے کان پکڑ کر معافی مانگ لی اور نکل گئے: فواد چوہدری

48

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے غنڈوں نے کان پکڑ کر معافی مانگ لی اورنکل گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’جمعیت کے غنڈوں نے کان پکڑ کر معافی مانگ لی اور نکل گئے (نہیں چھوڑنے چاہئیں تھے) لیکن اس واقعے سے جعلی دانشور ایک بار پھر ظاہر ہو گئے جو بغض عمران میں جتھوں کی بھی حمایت سے باز نہیں آئے، اپوزیشن اور میڈیا میں ان کے حمائتی ایک مخصوص مافیا کا حصہ ہیں جو اپنے مفادات کیلئے اکٹھے ہیں۔‘ 

واضح رہے کہ گزشتہ رات پارلیمینٹ لاجز سے حراست میں لئے گئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے کارکنوں اور ارکان اسمبلی کو شخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کر دیا گیا۔ 
وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے گزشتہ رات پارلیمینٹ لاجز میں آپریشن کے دوران رکن قومی اسمبلی جمال الدین اور مولانا صلاح الدین ایوبی سمیت 21 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ 
گرفتاریوں کے بعد جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر جے یو آئی اور اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنوں نے ملک کے تمام بڑے شہروں میں احتجاج کیا تھا۔ 

تبصرے بند ہیں.