کرپشن بچانے کیلئے اکٹھی ہونے والی اپوزیشن کو اس با ر بھی شکست ہو گی: مراد سعید

19

اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کیا ہے، کرپشن بچانے کیلئے ایک ہو جانے والی اپوزیشن کو اس بار بھی منہ کی کھانا پڑے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں مراد سعید نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے ملک کا استحصال کیا اور قومی کا پیسہ چرایا، اپوزیشن اب کرپشن بچانے کیلئے ایک ہو گئی ہے مگر ماضی کی طرح اس بار بھی انہیں شکست نصیب ہو گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے سرکس لگائی ہوئی ہے مگر یہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، تاریخ پر تاریخ دینے والی اپوزیشن کو سیاسی میدان میں اور پارلیمینٹ میں بھی شکست ہوئی جبکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کامیاب رہے اور اب بھی انہیں کامیابی حاصل ہو گی۔ 
انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکی سفیر کو کہتے تھے کہ مجھے خدمت کا موقع دیں جبکہ نواز شریف مودی کی حلف برداری میں شرکت کیلئے بھارت گئے تھے۔ 
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے مودی کی تقریب حلف برداری میں تو شرکت کی مگر وہاں حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملنا گوارہ نہیں کیا، لیکن جب بھارتی تاجر جندال بغیر ویزے کے پاکستان آیا تو اس کی آمد کو چھپایا گیا۔ 
مراد سعید نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کے برعکس وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا اور مسئلہ کشمیر پر دنیا بھر کے لیڈران سے بات کی اور ہر موقع پر کشمیریوں کے حق کی بات کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.