اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگوں کی عزتوں کیساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، اس لئے میں پیکا قانون کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’پیکا قانون کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔ سوشل میڈیا پر لوگوں کی عزتوں سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ قانون کو بہتر کر لیں لیکن یہ کہنا کہ کوئی قانون نہ ہو، یا ایسا قانون ہو جو نافذ ہی نہ ہو سکے، بالکل بے تکی بات ہے۔ یہ سیاسی نہیں سماجی معاملہ ہے اور سیاسی جماعتوں کو میڈیا اصلاحات کیلئے اکٹھا ہونا چاہئے۔‘
PECA قانون کی مکمل حمائیت کرتا ہوں سوشل میڈیا پر لوگوں کی عزتوں سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے قانون کو بہترکرلیں لیکن یہ کہنا کہ کوئ قانون نہ ہو یاایسا قانون ہو جو نافذ ہی نہ ہو سکےبالکل بےتکی بات ہے یہ سیاسی نہیں سماجی معاملہ ہےاور سیاسی جماعتوں کو میڈیا اصلاحات کیلئےاکٹھا ہونا چاہئیے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 25, 2022
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے والے قوانین میں نئی ترامیم متعارف کروائی گئی تھیں جنہیں صدر مملکت عارف علوث کی طرف سے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے جاری کیا تھا جس کے بعد سے اس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے کیونکہ اس کے تحت ’شخص‘ کی تعریف کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
نئی ترامیم کے مطابق اب ’شخص‘ میں کوئی بھی کمپنی، ایسوسی ایشن، ادارہ یا اتھارٹی شامل ہے جبکہ ترمیمی آرڈیننس میں کسی بھی فرد کے تشخص پر حملے پر قید تین سے بڑھا کر پانچ سال تک کر دی گئی ہے۔
صدارتی آرڈیننس کے مطابق شکایت درج کرانے والا متاثرہ فریق، اس کا نمائندہ یا گارڈین ہو گا جبکہ جرم کو قابل دست اندازی قرار دیدیا گی ہے جو ناقابل ضمانت ہو گا۔
تبصرے بند ہیں.