آج عدالت اور انصاف کی فتح کا دن ہے: شوکت مقدم

35

اسلام آباد: نور مقدم کے والد شوکت مقدم نے ظاہر جعفر کو سزائے موت ملنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ظاہر جعفر کو سزائے موت کا حکم بہت ضروری تھا، آج عدالت اور انصاف کی فتح کا دن ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شوکت مقدم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ کیس میری بیٹی کا نہیں ملک بھر کی بیٹیوں کا ہے اور ضروری تھا سزا کو مثال بنایا جائے، عدالتی فیصلے سے انصاف ملا ہے، فیصلے کی کاپی ملے گی تو تفصیلات دیکھیں گے۔ 
شوکت مقدم کا کہنا تھا کہ جن ملزمان کو بری کیا گیا ان سے متعلق وکلاءسے مشاورت کروں گا، جہاں تک عدالتی فیصلے کی بات ہے تو آج عدالت اور انصاف کی فتح کا دن ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ملزموں کی جانب سے راضی نامے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی اور اگر کوئی کوشش کرے گا تو اسے قبول نہیں کریں گے۔ کیس میں سوسائٹی اور میڈیا نے بہت ساتھ دیا اور پوری قوم ہمارے لئے دعاگو تھی۔ 
انہوں نے کہا کہ بیٹی کو انصاف دلانے کے معاملے پر ہمیں کسی سے کچھ کہنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آئی، بلکہ سب نے ہمارے لئے بہت کچھ دیا، ہمارے اہل خانہ میڈیا کے شکرگزار ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.