حکومت کا اتحادیوں اور ناراض ارکان کو منانے کا فیصلہ

54

اسلام آباد: تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت اپوزیشن کی چال ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہو گئی۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کا اتحادیوں اور ناراض ارکان کو منانے کا مشن شروع ہو گیا ہے اور اتحادیوں اور ناراض ارکان سے رابطہ بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاق اور پنجاب کابینہ میں توسیع کرکے سب کوراضی کیا جائے گا۔

 

سینئر پارٹی رہنما کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی لڑائی کرپشن اور کرپٹ خاندانوں کے ساتھ ہے، زرداری و شریف خاندان اور ان کی پارٹیوں سے کوئی بات نہیں ہو گی اور ان کے سوا ہر سیاسی جماعت کے لیے دروازے کھلے تھے اور کھلے رہیں گے۔

 

تحریک انصاف کے رہنما سے سوال پوچھا گیا کہ کیا جہانگیر ترین سے بھی رابطہ کیا جائے گا جس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پارٹی کا حصہ ہیں اورعلیحدہ نہیں ہوئے جب وہ پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کریں گے تو پھر دیکھیں گے۔

 

ادھر کامل علی آغا نے کہا کہ گزشتہ روز کی میٹنگ میں ہمارے ممبران اسمبلی بہت پریشان تھے اور عام آدمی پریشان ہے اس لیے ہمارے ممبران بھی پریشان ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ پرویزالٰہی پر اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلے کا اختیار دیا، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے پر پارٹی ممبران نے تشویش کا اظہار کیا۔

 

 

کامل علی آغا نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے کہا جو بھی فیصلہ ہوگا عوام اور ملک کے بہتر مفاد میں ہوگا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے کچھ کرنا ہوتا ہے تووہ دنوں میں نہیں گھنٹوں میں فیصلہ کرتے ہیں،فیصلے ایک سے 2 ہفتوں کے دوران ہو جانے چاہئیں، فیصلوں میں ریاست کا دخل تو ہوتا ہی ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.