خاتون کے سر میں کیل ٹھونکنے کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا

9

 

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالخلافہ پشاور میں خاتون کے سر میں کیل ٹھونکنے کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا، خاتون کے شوہر نے   کیل ٹھونکنے کی ذمہ داری جنات پر ڈال دی ۔

 

تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر صابر کا کہناہے  کہ اس کی بیوی کے سر میں کیل جنات نے ٹھوکا ، شوہر نے بتایا کہ  میں گھر پر موجود نہیں تھا جب آیا تو بیوی کے سر میں کیل تھی، انہوں نے مزید بتایا کہ بیوی کو متعدد بار ڈاکٹر کے پاس لے کر گیا لیکن مسئلہ جنات کا ہے، اس سے پہلے بھی جنات نے تیسری منزل سے میری اہلیہ کو نیچے پھینک دیا تھا۔صابر نے کہا کہ  بیوی نفسیاتی مریضہ ہے ، جس کا علاج  کسی پیر یا عامل سے نہیں ، ڈاکٹرزسے کرارہے ہیں۔

 

قبل ازیں سی سی پی او پشاور عباس احسن نے تحقیقات میں پیشرفت کے حوالے سے بتایا  کہ اسپتال ریکارڈ میں متاثرہ خاتون کا نام باز گل درج ہے جبکہ وہ اسپتال میں درج ایڈریس پر موجود نہیں ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کے دو بیٹے اور  ایک بیٹی ہے  جن کی عمریں بالترتیب 9 ، 3 اور 2 سال ہیں۔

 

یاد رہے کہ دو روز قبل پشاور سے خبر سامنے آئی تھی کہ مبینہ طور پر  بیٹے کی خواہش رکھنے والی خاتون کے سر میں جعلی پیر نے کیل ٹھونک دی اور دعوی کیا کہ ایسا کرنے سے اس کے ہاں بیٹا پیدا ہو گا ۔

 

بعد ازاں اسپتال انتظامیہ نے مریضہ کے سر سے کیل نکال دی  جس کے بعد وہ گھر چلی گئی۔ خاتون کی تصاویر  سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے جعلی پیر کیخلاف کاروائی شروع کی تھی۔

تبصرے بند ہیں.