لاہور: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ملک میں جمہوریت کی بقا اور فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹیٹیوٹ امریکہ (آئی آر آئی ) کے نائب صدر سکاٹ میسٹک کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مونس الہی نے کہا شہریوں کی ضروریات اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ کی سیاست گڈ گورننس، انسانی ترقی، سماجی و اقتصادی ترقی، انتخابی اصلاحات اور پاکستان میں نوجوانوں، خواتین اور پسماندہ افراد کے حقوق کے گرد گھومتی ہے۔ ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ہمیشہ ملک اور پارٹی کے اندر باہمی فیصلہ سازی کے ذریعے مضبوط جمہوری کلچر کو فروغ اور ایسے اقدامات پر بہت زور دیا ہے جو شہریوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بناتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں حقیقی جمہوری ترقی اور تحقیق پر مبنی پالیسی سازی کے عمل کے فروغ کیلئے آئی آر آئی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے میں آئی آر آئی کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی پارٹی انسٹیٹیوٹ کے تربیتی پروگراموں میں شرکت کرتی رہے گی۔
اس موقع پر سکاٹ میسٹک نے پاکستان مسلم لیگ کے ترقیاتی پروگراموں میں انسٹیٹیوٹ کے تعاون کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ کے مشیر رضوان ممتاز علی، آئی آر آئی پاکستان کی ریزیڈنٹ ڈائریکٹر نرگس خان اور آئی آر آئی پاکستان کے جنید آفتاب بھی شریک تھے۔
تبصرے بند ہیں.