امریکہ نے پاکستان کو فائزر ویکسین کی 47 لاکھ خوراکیں فراہم کر دیں

26

واشنگٹن: امریکہ نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پاکستان کو فائزر ویکسین کی 47 لاکھ خوراکیں فراہم کر دی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی فراہم کردہ ویکسین کے بعد امریکہ کی جانب سے اب تک پاکستان کو مجموعی طور پر 4 کروڑ 14 لاکھ ویکسین فراہم کی جاچکی ہیں۔
امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین کورونا وائرس کی کسی بھی قسم کے خلاف موثر ہے جس کی 47 لاکھ خوراکیں دینے کے علاوہ کورونا مخالف اشتراک کے تحت پاکستان کو تقریباً 7 کروڑ ڈالر کی امداد بھی دی گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ امریکہ کوویکس کے تحت ویکسین کی فراہمی کا سب سے بڑا حصہ دار ہے جو 110 ممالک کو کورونا ویکسین کی 40 کروڑ سے زائد خوراکیں فراہم کر چکا ہے۔ 
دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر شدت اختیار کرنے لگی ہے اور آج مزید 21 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 11.5 فیصد ہو گئی ہے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 269 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہزار 423 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 61 ہزار 77 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 25 ہزار 39 ہو گئی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.